این اے 60: انتخابات کے التوا کیخلاف شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

راولپنڈی: قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 کے انتخابات ملتوی کیے جانے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔یاد رہے کہ راولپنڈی کے حلقے این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی اور شیخ رشید مدمقابل تھے تاہم ایفیڈرین کیس میں عدالت نے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنادی اور بعدازاں ان کی گرفتاری کے بعد الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز این اے 60 کے انتخابات ملتوی کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جسے شیخ رشید نے لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا تھا۔شیخ رشید نے اپنے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایک امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا۔ درخواست میں کہا گیا کہ کسی امیدوار کو عدالت سے سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بُھگتیں، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست میں کہا گیا کہ سزا ہونے پر ان کے حلقوں کا الیکشن ملتوی نہیں ہوا تو حنیف عباسی کے حلقے کا الیکشن کیوں ملتوی کیا گیا۔ شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو فریق بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں