چلاس میں اسکول جلانے کا واقعہ: پولیس آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک

چلاس: ضلع دیامر کے علاقوں داریل اور تانگیر سمیت چلاس میں پولیس کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں تخریب کاروں نے تعلیمی اداروں کو نذر آتش کیا تھا جس کا چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی سے رپورٹ طلب کی تھی۔پولیس کے مطابق ضلع دیامر کے علاقوں چلاس، داریل اور تانگیر میں آپریشن جاری ہے، اس دوران علاقوں کی مکمل ناکہ بندی ہے، داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہےکہ تانگیر میں آپریشن کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔آئی جی گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی ہے اس کے گھر سے خودکش جیکٹ، دستی بم اوراسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ کل سے اب تک آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔ثناءاللہ عباسی کے مطابق دیامر میں اسکول جلانے والے دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں