وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا، قومی اسمبلی کا غیر حتمی شیڈول تیار

اسلام آباد: 15 ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا غیر حتمی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔13 اگست کو نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے جب کہ 14 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دن 12 بجے تک جمع ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا۔وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 16 اگست دن 2 بجے تک جمع ہوں گے جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب اگلے روز 17 اگست کو ہوگا۔یاد رہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بھی عمران خان کے حلف اٹھانے کی 18 اگست تاریخ مقرر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے اجلاس بھی 13 اگست کو طلب کیے گئے ہیں جب کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو بلایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں