چیف جسٹس نے ایم پی اے عمران شاہ کے شہری پر تشدد کا ازخود نوٹس لے لیا

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران علی شاہ کے شہری پر تشدد کا ازخود نوٹس لے لیا۔چند روز قبل تحریک انصاف کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ نے اسٹیڈیم روڈ کے قریب ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر ان کا کہنا تھاکہ گاڑی والا انہیں گالیاں دے رہا تھا، اسے مارا نہیں صرف دھکا دیا تھا۔پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف کی قیادت کی ہدایت پر عمران شاہ نے شہری سے گھر جاکر معافی مانگی تھی جب کہ پارٹی نے نو منتخب رکن اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر وضاحت بھی طلب کی تھی۔

جیونیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے ایک کیس کی سماعت کے دوران عمران علی شاہ کی جانب سے شہری داؤد چوہان پر تشدد کا از خود نوٹس لیا۔جسٹس ثاقب نثار نے تشدد کا نشانہ بننے والے شہری سے متعلق 3 دن میں رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہےکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی اور معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک عمران شاہ معطل رہیں گے تاہم انضباطی کمیٹی کو ایک ماہ میں معاملے کی تحقیقات مکمل کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں