پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں سنیل گواسکر کی عدم شرکت پر بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا۔تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا گیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے 18 اگست کو ہونے والی تقریب حلف برداری میں شرکت کی حامی بھری ہے لیکن سنیل گواسکر نے پیشہ وارانہ مصروفیات کے باعث شرکت سے معذرت کی ہے۔ سنیل گواسکر کی جانب سے تقریب میں عدم شرکت پر بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے اور کئی چینلز نے کہا کہ سنیل کے لیے ’دوست سے زیادہ دیش‘ اہم ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیل گواسکر بھارت کو مقدم رکھتے ہیں، اس لیے انہوں نے عمران خان کا دعوت نامہ مسترد کردیا۔بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کو کئی بڑے صحافیوں نے آڑے ہاتھوں لیا اور بھارتی اینکر راجدیپ سردیسائی نے ٹوئٹ کیا کہ سنیل گواسکر نے انہیں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ انگلینڈ میں کمنٹری کر رہے ہوں گے، اس لیے تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے لہذا اس بات کا ’دیش‘ سے کوئی تعلق نہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی اور بھارتی ٹیم کے دستخطوں والا ’بلا‘ تحفے میں پیش کیا تھا۔
Load/Hide Comments