آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سیاحتی راہداری منصوبہ دیوی گلی سمیت آزاد کشمیر کے تین اضلاع کے عوام کی معاشی مستقبل کو بدل دے گا۔ جبکہ اس منصوبے سے پورے آزاد کشمیر کے لوگوں کو بھی یکساں اقتصادی فوائد حاصل ہونگے۔اس خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہجیرہ کے پر فضا سیاحتی مقام دیوی گلی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ امکانی طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ بننے والے اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو نہ صرف باعزت اور باوقار روزگار ملے گا بلکہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ذرائع آمد ورفت کی ترقی سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ ضلع جہلم ویلی کے قصبہ سراں سے شروع ہو کر براستہ سدھن گلی ، گنگا چوٹی، حاجی پیر، لس ڈنہ ،تولی پیر ، کھائی گلہ اور بنجوسہ سے گزر کر دیوی گلی تک دو سو کلو میٹر علاقہ کو سیاحوں کی جنت میں بدلنے والا یہ منصوبہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں ایک نئی جہت اور سمت متعین کرے گا جس کے لیے حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ سیاحت پر عزم ہیں ، صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ دیوی گلی کا خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ یونیورسٹی کے علاقائی کیمپس کے لیے نہایت موزوں ہے اور عوام علاقہ کے پر زور مطالبہ کے پیش نظر اس پر غور کیا جائے گا۔ صدر سردار مسعود خان نے نوجوانوں پر زور دیاکہ و ہ محنت کریں اور اپنے قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر آگے آ کر علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ علاقے میں جاری تعمیر و ترقی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایشیائی ترقیا تی بنک کے تعاون سے ھجیرہ تراڑ کھل روڈ اور کھائی گلہ ہجیرہ روڈ کی ری کنڈیشنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کھائی گلہ تراڑ کھل روڈ براستہ بنجوسہ پر کام جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے عالمی معیار کے مطابق بروقت مکمل ہوں۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انہیں دیوی گلی کا دورہ کر اور یہا ں کے لوگوں کا جوش و خروش دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے۔ کیوں کہ اس دور افتادہ علاقے کے عوام میں بیداری کی لہر اس کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ پر فضا سیاحتی مقام دیوی گلی کو قدرت کا حسین تحفہ قرار دیتے ہوئے صدر مسعود خان نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس علاقے کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزاد کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ حد متارکہ جنگ کی دوسری جانب ہماری بہنیں اور بھائی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں سے کہا کہ بھارت سات لاکھ سے زیادہ فوج کشمیر کے بچوں کو قتل اور ہماری عزت ماب بہنوں کی بے حرمتی صرف اس لیے کر رہی ہے ۔ کہ وہ اپنا حق آزادی مانگ رہے ہیں ۔ہمارا فرض ہے کہ مقبوضہ وادی سے بھائیوں کی آواز میں اپنی آوازملائیں اور اپنی دعاؤں میں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ہم نے آزاد فقا میں عید منائی لیکن ہمارے مقبوضہ حصے کے باسیوں نے خوف اور دہشت کے ماحول میں اپنا مذہبی تہوار منایا۔ہماری حقیقی عید اس دن ہو گی جب پوری ریاست جموں و کشمیر بھارت کے بنجہ استبداد سے آزاد ہو گی۔قبل ازیں صدر مسعود خان جب دیودی گلی پہنچے تو مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں اور علاقے کے مختلف قبائل اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور علاقے کا دورہ کرنے اور عوامی مسائل سننے پر اس کا شکریہ ادا کیا۔ عوام علاقہ نے دیوی گلی سے تعلق رکھنے والے متحرک سیاسی کارکن اور نوجوانوں کے نمائندے بلال انجم کو صدارتی سکرٹریٹ میں بطور پبلک ریلیشنز آفیسر تعینات کرنے پرصدرسردار مسعود خان کا شکریہ ادا کیا۔مقامی عوامی نمائندوں نے دیوی گلی مرکز صحت میں ڈاکٹر کی مستقل تعیناتی، انٹر کالج دیوی گلی کی عمارت کی تعمیر، دیوی گلی براستہ اپر اکھوڑبن سڑک کی تعمیر اور علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے مقامی راہنما سردار ارزش خان اور سردار علی حسین نے بھی خطاب کیا اور علاقے کی تعمیرو ترقی پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور سردار خان بہادر خان کا شکریہ اداکیا۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments