عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خوشی میں برطانیہ کے ایک بزنس مین اشوانی کمار نے اپنی دکان کے باہر بینر لگا کر انہیں منفرد انداز میں مبارک باد پیش کی۔65 سالہ اشوانی کمار کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے، جنہوں نے 1947 میں تقسیم کے بعد گجرانوالہ سے بھارت ہجرت کرلی، جہاں اشوانی کمار کی پیدائش ہوئی لیکن وہ کم عمری میں ہی لندن آکر مقیم ہوگئے۔اشوانی کمار کی لندن کے جنوب مغربی علاقے رچمنڈ میں ایک گروسری کی دکان ہے، جس کے ساتھ وہ ڈرائی کلینر کا بھی کام کرتے ہیں۔عمران خان کے وزیراعظم بنتے ہی انہوں نے اپنی دکان کے باہر ایک بینر لگایا جس پر درج ہے، ‘رچمنڈ کے داماد عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر مبارک ہو’۔دکان کے باہر عمران خان کی کامیابی کا بینر مقامی افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا، جو راہ گیروں کو دور سے ہی نظر آجاتا ہے۔واضح رہے کہ رچمنڈ وہ علاقہ ہے جہاں عمران خان کی پہلی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اشوانی کمار نے بتایا کہ ‘جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ، رچمنڈ پارک کے مقامی ایم پی ہیں جن سے ان کا والد اور بیٹے جیسا تعلق ہے، جب کہ ان کے والد سے بھی ان کی کافی دوستی تھی، جب وہ حیات تھے’۔انہوں نے بتایا کہ ‘عمران خان کی جمائما سے شادی ان کی دکان سے کچھ دور واقع ایک رجسٹری آفس میں ہوئی تھی، اُس وقت وہ اخبارات بھی فروخت کیا کرتے تھے اور اکثر ہی عمران خان اور ان کے سابق سسرالی اُن کے پاس آیا کرتے تھے، تب سے ہی اس خاندان سے اُن کے بہترین تعلقات ہیں’۔انہوں نے بتایا کہ ‘عمران خان جب بھی لندن آتے اینابیل گولڈ اسمتھ ہاؤس میں رہتے تھے۔ ایک دن وہ ایک مقامی شخص کی طرح ان کے پاس کرتا شلوار میں آئے اور ان سے جنگ اخبار خریدا، وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے جب کہ عمران خان نے صرف مختصر گفتگو کی اور مسکرا دیئے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جب سے انہوں نے عمران خان کے لیے بینر لگایا ہے، تب ہی گزرتی ہوئی گاڑیاں ہارن بجاتی ہیں یا مقامی افراد وہاں رک کر مٹھائی وغیرہ کھاتے ہیں اور جشن مناتے ہیں’۔واضح رہے کہ اشوانی کمار طویل عرصے سے رچمنڈ میں مقیم ہیں، تاہم حال ہی میں انہوں نے پاکستان کا دورہ بھی کیا، جس کے بعد وہ اپنے آپ کو پاکستان سے محبت کرنے والا سمجھتے ہیں۔اشوانی کمار لندن سے گجرانوالہ اپنے بڑوں سے ملنے آئے تھے، جن کا گھر جی ٹی روڈ پر واقع ہے، انہوں نے بتایا کہ یہاں ہونے والی خاطر تواضع نے اُن کا دل ہی جیت لیا۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments