جعلی اکاؤنٹس کیس: سابق صدر آصف زرداری کا ایف آئی اے میں بیان قلمبند

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سامنے پیش ہو کر بیان قلمبند کرا دیا۔ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سے 35 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔پوچھ گچھ کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ میرے خلاف یہ کیس نواز شریف کے دور میں بنے اور انہوں نے ہی بنوائے۔سابق صدر سے سوال کیا گیا کہ ان کیسز کے ذریعے آپ کو کنٹرول کیا جائے گا اس پر کیا کہیں گے جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب نہیں دیا۔بیان قلمبند کرانے کے دوران آصف علی زرداری نے بعض سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا اور 35 منٹ تک سوالات کے جواب دینے کے بعد ایف آئی اے دفتر سے روانہ ہوگئے۔یاد رہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے تاہم آج دونوں ملزمان ایف آئی اے کی جانب سے چوتھی بار طلب کیے جانے پر پیش ہوئے۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے کیس میں منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے، ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں منگل کو سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں