پاکستانی فلموں کیلئے بڑی عید پر 35 کروڑ کی عیدی

بڑی عید سینما گھروں میں بڑی فلموں کی بڑی خوشیاں لے کر آئی۔ یہ پاکستانی فلموں کی وہ جوانی تھی جس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ لیکن اس عید پر تو پاکستانی فلموں نے خوب ’پرواز’ کی اور ‘جنون‘ ایسا تھا کہ سینما گھروں میں فلم دیکھنے والوں کا اتنا ہی ” لوڈ“ نظر آیا، جتنا کسی کی ”ویڈنگ“ میں ہوتا ہے۔عید کی تینوں فلموں کے لیے پہلے سے ریلیز شدہ ایک فلم نے ”ٹربل“ نہیں بلکہ آسانیاں پیدا کیں۔ بڑی عید پر ریلیز ہونے والی تین فلموں ’لوڈ ویڈنگ‘، ’پرواز ہے جنون‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے پانچ دنوں کے لمبے عید ویک اینڈ پر 30 سے 35 کروڑ کا ریکارڈ بزنس کیا اور ان فلموں میں اگر ’طیفا اِن ٹربل‘ کا ایک اور کروڑ شامل کریں تو یہ پیسہ اور بھی بڑھ جائے گا۔اس دوران کئی ریکارڈز بنے، ان میں سب سے بڑا ریکارڈ پاکستانی باکس آفس کی ایک دن کی کمائی کو 7کروڑ سے بھی اوپر لے گیا۔ پاکستان میں 200 سے بھی کم اسکرین ہیں، اس کا مطلب ہے کہ ہر فلم کا تقریباً ہر شو ہاؤس فل گیا یعنی سنیما گھروں کے ان پانچ دنوں میں 90 فیصد سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے جب کہ کئی سنیما نے ایکسٹرا شوز بھی لگائے۔تینوں فلمیں ایک دوسرے سے بالکل مختلف اور اپنے اپنے ٹارگٹ آڈینس کے لیے بہترین رہیں اور ابھی یہ فلمیں صرف اپنے ملک کی مارکیٹ کا حجم 70 کروڑ یا اس سے اوپر لے جاسکتی ہیں کیونکہ ابھی آگے بالی وڈ یا ہالی وڈ کی کوئی بڑی فلم بھی نہیں۔عید کی تینوں فلموں نے ’طیفا ان ٹربل‘ سے ملنے والی ”کِک“ کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔ ’طیفا‘ اب تک دنیا بھر سے 40 اور صرف پاکستان سے 31 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے، وہ بھی کسی عید یا چھٹیوں کی مدد کے بغیر، یہی نہیں طیفا کے گانے ’آئٹم نمبر‘ اور ’چن وے‘ فلم کی ریلیز کے دوران ہی صرف یو ٹیوب پر ایک ایک کروڑ ہٹس لے چکے ہیں۔ یہ وہ ریکارڈز تھے جن کو بنانا تو دور کی بات، ان ریکارڈز کا سوچنے والوں کا مذاق اڑایا جاتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں