آزاد کشمیرپاکستان کا صوبہ ہے اور نہ ہی ایک آزاد و خودمختار ریاست ہے۔صوبہ قرار دینا سنگین غلطی ہو گی۔مسعود خان

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اہم اور بنیادی فریق ہیں جن کی رائے اور مرضی کے بغیر اس مسئلہ کا کوئی قابل عمل حل تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کشمیر میں طاقت کا استعمال کر کے مسئلہ کشمیر کے فوجی حل کی طرف لے جا رہا ہے جس سے خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے کے حامل زیر تربیت پولیس کے پچیس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سلمان سلطان رانا اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد الیاس، کی قیادت میں پیر کے روز ایوان صدر میں اُن سے ملاقات کی۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور پاکستان کے بغیر جموں و کشمیر کی بقا ممکن نہیں ہے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر کشمیر اور پاکستان کے دائمی رشتے کا تعین کر دیا تھا اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے آباء و اجداد کے عہد کو نبھائیں اور یاست جموں و کشمیر اور پاکستان کے درمیان رشتوں کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان کا ہی حصہ ہے لیکن جموں و کشمیر کے تنازعے کے پس منظر میں یہ پاکستان کا صوبہ ہے اور نہ ہی ایک آزاد و خودمختار ریاست ہے۔ آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ قرار دینا سنگین غلطی ہو گی کیونکہ ایسا کرنے سے عالمی سطح پر کشمیر کے بارے میں پاکستان کے دیرینہ مؤقف کو زک پہنچے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر حکومت کی اہم ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک حق خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت، آزاد علاقے میں گڈگورننس کو یقینی بنانا اور ریاست کی تعمیر و ترقی کو تیز تر کر کے عوام کو خوشحالی سے ہمکنار کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے حکومت نے دوررس نتائج کے حامل بعض اہم اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آبی وسائل کو بروئے کار لا کر پن بجلی پیدا کرنے کے منصوبے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مانسہرہ، مظفرآباد میرپور ایکسپریس وے کی تعمیر، آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والی شاہرات اور آزاد کشمیر کے اضلاع کو باہم ملانے والی سڑکوں کی تعمیر، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت میرپور میں انڈسٹریل زون کا قیام، آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور یہاں آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولتیں اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے سیاحتی راہداری کی تعمیر ایسے اقدامات ہیں جن سے آزاد علاقے میں نہ صرف ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا بلکہ اس سے مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو بھی تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر دوگنا کر دیا جس سے حکومت کو نہ صرف نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ان منصوبوں کو بھی مکمل کیاجائے گا جو مالیاتی وسائل کی کمی کے باعث سالہا سال سے نامکمل پڑے تھے۔آزاد کشمیر کو دنیا کا حسین ترین علاقہ قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سیاحتی راہداری کی تعمیر سے لائن آف کنٹرول سے دور خوب صورت اور بلند و بالا پہاڑی چوٹیوں کے درمیان تقریباً دو سو کلومیٹر کا علاقہ نہ صرف آزاد کشمیر کی پہچان بنے گا بلکہ ا س سے ذرائع آمدن میں اضافہ ہو گا اور نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع ملیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں