شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی اصل بوتلیں برآمد کیں: پولیس کا دعویٰ

اسلام آباد: پولیس نے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی اصل بوتلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور حقائق مسخ کرنے پر جیل حکام اور کورٹ پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روز کراچی میں نجی اسپتال کا دورہ کیا تھا جہاں گرفتار پی پی رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔چیف جسٹس پاکستان نے شرجیل میمن کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا تھا تاہم لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹ میں ان کے خون میں الکوحل کا عنصر نہیں پایا گیا۔شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمدگی کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی ساؤتھ نے سب جیل قرار دیئے گئے کمرے پر مامور سیکیورٹی اسٹاف کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا۔پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نجی اسپتال میں شرجیل میمن کے سب جیل قرار دیئے گئے کمرے پر مامور سیکیورٹی اسٹاف کو سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیجز کے مشاہدے کے بعد شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہےکہ سب جیل (کمرۂ اسپتال) کے اندر ایک مشکوک پارسل کی منتقلی کو دیکھا گیا ہے، پارسل کی منتقلی میں نجی ملازمین ملوث ہیں، پارسل کی منتقلی سے شواہد ضائع کرنے کا قوی شک موجود ہے جب کہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ذاتی ملازمین کی حرکات سے بھی شکوک اٹھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں