کرپٹ عناصر دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں، پیچھا کریں گے: چیئرمین نیب

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کاکہنا ہے کہ ہر اثر اور سفارش نیب کے گیٹ کے باہر ختم ہو جاتا ہے اور کرپٹ عناصر دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں پیچھا کریں گے۔اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب میں آج تک کسی کی عزت نفس کی تذلیل نہیں کی گئی، جن کے پاس موٹر سائیکل تھیں ان کے دبئی میں جو ٹاور کھڑے ہیں اس کے بارے میں پوچھ لیا تو کیا برا کیا، مجھے بتایا گیا کہ تاجر برادری میں خوف اور ہراسمنٹ ہے، یقین دلاتا ہوں ہر وہ تاجر جو ضمیر کے مطابق ملکی مفاد اور معیشت کی بہتری کے لیے کام کررہا ہے کبھی ایسا نہیں ہوگا ان میں سے کسی کے لیے ہراسمنٹ کا ذہن میں تصور بھی آجائے۔انہوں نے کہا کہ نیب میں تاجر برادری کے لیے اسپیشل ڈیسک بنارہے ہیں، ڈائریکٹر یا ڈپٹی ڈائریکٹر لیول کا افسر وہاں وہاں موجود رہے گا جو تاجروں کی جائز شکایات کے ازالے کے لیے ہر وقت تیار ہوگا، تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے نیب موجود ہے، اگر آپ کا ہر قدم ملکی مفاد کے لیے ہے تو نیب آپ کے ساتھ ہے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کوشش کی کہ کیا کوئی مقدمہ بنتا ہے اور بلانے کا جواز موجود ہے، غلطی اور جرم میں فرق ہے، غلطی درگزر ہوگی لیکن جرم درگزر نہیں ہوسکتا اور تاجروں کا چھوٹا جرم بھی ملکی مفاد پر مضر ہوتا ہے۔جاوید اقبال نے کہا کہ نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف ایکشن لیا، اس کی وجہ یہ تھی کہ غریب کے منہ سے نوالہ چھینا، سالہا سال گزرنے کے باوجود جو خواب انہوں نے دیکھا تھا وہ پورا نہیں ہوا، وہ دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے، ایسے لوگوں میں سے چند لوگوں کو بلاکر کہا گیا کہ غریبوں کے پیسے دیں یا پھر پلاٹ دیں، اس میں کوئی دھونس دھمکی نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں