چیف جسٹس کا دو خواجہ سراؤں کو سپریم کورٹ میں ملازمت دینے کا اعلان

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان نے دو خواجہ سراؤں کو سپریم کورٹ میں ملازمت دینے کا اعلان کردیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے خواجہ سراؤں کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ سراؤں کے بنیادی حقوق سے متعلق این جی اوز اور کے پی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہیں، خواجہ سراؤں کو حقوق دلانا اولین ترجیح ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے دو خواجہ سراؤں کو سپریم کورٹ میں ملازمت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواجہ سراؤں کی تضحیک کی جاتی ہے، عدالت انہیں قومی دھارے میں لانا، ان کی حفاظت اور مسائل کا حل چاہتی ہے۔سپریم کورٹ نے خواجہ سراؤں کے حقوق سے متعلق سفارشات دو ہفتوں میں طلب کرلیں۔عدالت نے خواجہ سراؤں کے خلاف بلیو وین ویب سائٹ کے مالک کونوٹس جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں