ایکشن، ڈرامہ اور ایڈونچر سے بھرپور بالی وڈ کی آنے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آج بالی وڈ فلم انڈسٹری کے بڑے نام یش چوپڑا کی سالگرہ پر پیش کیا گیا ہے۔فلم کا ٹریلر 3 منٹ 38 سیکنڈز پر مشتمل ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیتابھ بچن، خدابخش کے کردار میں انگریزوں سے آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں، جن کا ساتھ فاطمہ ثناء شیخ دے رہی ہیں، جو اس فلم میں زفیرہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔ٹریلر میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان جہاں فرنگی ملاح کے کردار میں چلبلے اور شرارتی دکھائی دے رہے ہیں، وہیں وہ انگریزوں کا مہرا بھی نظر آئے۔دوسری جانب کترینہ کیف، ثریا کے کردار میں عامر خان کے ساتھ رومانس اور ایکشن کرتی دکھائی دیں۔ٹریلر کے آخری حصے میں امیتابھ بچن اور عامر خان کو ایک دوسرے سے تلوار بازی کے لیے بھی تیار دیکھا گیا، جس میں امیتابھ بھروسے کی بات کر رہے ہیں اور عامر خان دھوکے کی بات کر رہے ہیں۔اب اصل مزہ تو مکمل فلم دیکھ کر ہی آئے گا لیکن ٹریلر نے فلم بینوں کا انتظار مزید بڑھا دیا ہے۔ٹریلر لانچ میں عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ نے شرکت کی اور فلم کے تجربے کے حوالے سے خیالات بھی شیئر کیے۔اس موقع پر امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ’ایکشن فلم کرنے کی اب عمر نہیں لیکن جب ہدایت کار وجے کرشنا اچاریا نے استفسار کیا تو مجھے ہاں کہنا پڑی’۔امیتابھ بچن نے بتایا کہ ‘عکس بندی کرنا آسان نہیں تھا، ایکشن سین کرنے کی وجہ سے اب تک ڈاکٹر کے پاس جا رہا ہوں کیونکہ تمام ایکشن سینز کی عکس بندی بارش میں کی گئی جس کی وجہ سے کپڑے بھاری ہوجاتے تھے، پھر تلوار کا بھی وزن تھا جس سے بہت مشکل ہوتی تھی’۔اس موقع پر فاطمہ ثناء شیخ نے بتایا کہ ‘میں نے کبھی تیر بازی نہیں کی تھی، لیکن فلم کے لیے پہلی مرتبہ سیکھی جبکہ ایکشن فلم ہونے کے باعث بہت زیادہ جسمانی تربیت بھی لینی پڑی’۔کترینہ کیف نے بتایا کہ ‘میرا کردار بہت خوبصورت ہے اور مجھے اسے کرنے میں بہت مزہ آیا، یہ میرا عامر اور وجے سر کے ساتھ دوسرا پروجیکٹ ہے’۔جبکہ عامر خان کا کہنا تھا کہ ‘میں فلم انڈسٹری میں 30 برس سے کام کر رہا ہوں لیکن کبھی امیتابھ سر کے ساتھ کام نہیں کیا، میرے لیے یہ ایسا تھا کہ آپ کسی بچے کو ٹافی دے رہے ہوں، جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہو’۔فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ رواں برس دیوالی کے موقع پر 8 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
مقبول خبریں
تازہ ترین
- آرمی چیف جنرل جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
- آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹرڈائون،پہیہ جام ہڑتال
- دوسرا ٹی 20: پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ, زمبابوے کو 10 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیت لی.
- چیئرمین احتساب بیورو مشتاق احمد جنجوعہ عہدے سے مستعفیٰ
- صدارتی آرڈیننس پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے مشاورتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments