پارلیمان کوئی کنٹینر نہیں، دھرنے اور حکومت چلانے میں بہت فرق ہے: بلاول

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ پارلیمان کوئی کنٹینر نہیں ہے جب کہ دھرنا دینے اور حکومت چلانے میں بہت فرق ہے۔قومی اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے پاکستان کے پہلے بجٹ سے بہت توقعات تھیں لیکن ضمنی بجٹ میں 100 روزہ پلان کا کوئی نام و نشان نہیں، تحریک انصاف کے ووٹرز بھی آج مایوس ہیں، جن ووٹروں نے دو نہیں ایک پاکستان کے لیے ووٹ دیا وہ آج مایوس ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کہاں ہیں ایک کروڑ نوکریاں؟ ترقیاتی بجٹ میں کٹوٹی، صحت، تعلیم بجٹ میں کٹوتی، آپ نے تو صحت، تعلیم کا بجٹ بڑھانے کا وعدہ کیا تھا ،کٹوتی کر دی، حکومت کا 100 روزہ ترقیاتی پلان کہاں ہے؟ صحت کا وعدہ کیا گیا اور صحت کے بجٹ پر کٹ لگادیا گیا، عوام کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں پر حکومت نے بجٹ مختص نہیں کیا۔ان کا کہنا تھاکہ فصل کی صحیح قیمت نہیں مل رہی، کسان مشکل میں ہیں، وعدہ کیا گیا تھا لیکن پانی کی کوئی اسکیم نہیں دی گئی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے غریب کی زندگی مشکل ہوتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہا گیا تھا کہ بھیک نہیں مانگی جائے گی، قرضے نہیں لیے جائیں گے لیکن اب کیا ہورہا ہے، ایف اے ٹی ایف معاملے پر کیا اقدامات کیے گئے پارلیمنٹ کو بتایا جائے، دھرنا دینے اور حکومت چلانے میں بہت فرق ہوتا ہے، آپ نے اب سنجیدہ سیاست کرنی ہے پالیسیاں بنانی ہے، آپ نے آج سنجیدہ فیصلے لینے ہیں فیصلوں پر یوٹرن نہیں لینا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ اس کے فیصلوں کو اثر کروڑوں عوام پر پڑتا ہے، یہ پارلیمان ہے کوئی کنٹینر نہیں، کون حکومت کو سمجھائے گا کہ معیشت چندے سے نہیں چلتی، سیاست گالی سے نہیں اور ملک جادو سے نہیں چلتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں