شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی: بکتر بند سے گر کر لیگی کارکن زخمی

لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر بکتر بند گاڑی سے گر کر ایک لیگی کارکن زخمی ہوگیا۔نیب لاہور نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔نیب نے آج شہباز شریف کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت پہنچایا۔احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی بڑی تعداد میں جمع تھے، جن کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔جیسے ہی شہباز شریف کو لے کر بکتر بند گاڑی احتساب عدالت پہنچی تو وہاں موجود لیگی کارکنوں نے گاڑی پر چڑھنے کی کوشش کی، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے کارکنوں کو گاڑی سے نیچے اتار دیا۔اس دوران ایک لیگی کارکن گاڑی سے نیچے گر کر زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں