مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ عمران خان دائیں بائیں دیکھیں، وہ کرپشن کی زندہ علامتوں کے محافظ بن چکے ہیں، عمران صاحب! رونا چھوڑیں، بتائیں غریبوں سے روٹی کا نوالہ کیوں چھینا؟ بجلی گیس کیوں مہنگی کی؟
وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘عمران صاحب ! شہباز شریف کی گرفتاری کے پہلے ہی دن آپ کی گھبراہٹ عیاں ہے، بتائیں کہ دو ماہ میں لوٹا ہوا کتنا مال واپس آیا’؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ہنڈی کے ذریعے آنے والی کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ پر عمران خان تحقیقات کیوں نہیں کراتے؟ عمران صاحب آپ نے تو نشاندہی کرنے والوں کو ہی نشان عبرت بنادیا۔رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ اداروں کو فعال بنانے کے بجائے مخالفین کے انتقام پر لگادیا، پاکستانیوں نے دبئی میں اربوں روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں، اس میں 60 ارب روپے کی جائیداد عمران خان کی بہنوں کی ہیں جن کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں، صرف خیراتی اداروں کے بورڈز کی ارکان ہیں، عمران خان اپنی بہنوں کی جائیداد کی تحقیقات کب شروع کریں گے؟