اسد عمر کی انڈونیشیا کی وزیر خزانہ اور عالمی بینک کے صدر سے ملاقاتیں

اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بالی میں انڈونیشیا کی وزیر خزانہ اور عالمی بینک کے صدر سمیت متعدد رہنماﺅں سے ملاقاتیں کیں۔وزیر خزانہ اسد عمر عالمی بینک / آئی ایم ایف گروپ کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے سلسلے میں انڈونیشیا میں ہیں۔انڈونیشین وزیر خزانہ سری ملایانی اندراوتی سے ملاقات میں اسد عمر نے اس بات پر زور دیا کہ ترجیحی تجارت کے معاہدہ کے جامع جائزہ کے بعد پاکستان کو اضافی ٹیرف لائنز دینے کا عمل تیز کیا جائے گا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ انڈونیشیا کی وزیر خزانہ نے اسد عمر کو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انڈونیشیا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء وزیر خزانہ اسد عمر نے عالمی بینک کے صدر ڈاکٹر جم یانگ کم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان تعاون کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اسد عمر نے انہیں نئی حکومت کے وژن اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کثیر الجہتی انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی اور او ای سی ڈی کے سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔واضح رہے کہ عالمی بینک / آئی ایم ایف گروپ اجلاسوں میں 189 ممالک کے 15 ہزار سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔یہ اجلاس انڈونیشیا کے شہر بالی میں 10 سے 14 اکتوبر تک ہوں گے۔ وزیر خزانہ کی قیادت میں گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور اسپیشل سیکرٹری فنانس ڈویژن پر مشتمل وفد پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں