ضمنی الیکشن میں ہمیں ووٹ پڑا، یہ آنے والے وقت کیلئے ایک پیغام ہے: نوازشریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہےکہ موجودہ صورتحال کے باوجود عوام نے جوق درجوق (ن) لیگ کو ووٹ ڈالا اور یہ ایک پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران میاں نوازشریف نے ضمنی الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں ضمنی انتخاب میں سرفراز کیا، ہماری توقعات سے بڑھ کر کل ہمیں فتح ملی، پہلے 50،60 دنوں میں پاکستان کی تاریخ میں ایسا رزلٹ پہلی دفعہ آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود عوام نے جوق درجوق (ن) لیگ کو ووٹ ڈالا، شاہد خاقان عباسی ضمنی الیکشن میں منتخب ہوئے اور راولپنڈی کی نشست بھی ایسی ہی ہے جیسے ہم نے جیتی ہے، باقی سیٹیں (ن) لیگ کی نہیں تھیں ہم نے پی ٹی آئی سے نشستیں جیتی ہیں۔نوازشریف کا کہنا تھاکہ یہ ایک پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے، ہم سب ملک و ملت کی خیر مانگیں، بطور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے اور شہبازشریف نے بہت دیانت داری کے ساتھ فرض ادا کیا، یہ ریکارڈ کی بات ہے، دیکھ لیں چار سال میں ڈالر 104 سے نہیں بڑھا، اب 50 دنوں میں ڈالر کا حال دیکھ لیا۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی کے حالات دیکھ لیں، ہمارے زمانے میں کوئی مہنگائی نہیں تھی اور لوگ خوش تھے، عام اشیاء کی قیمتیں مناسب تھیں، غریب مطمئن تھے، آج انہی کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ اللہ (ن) لیگ کو کامیابیاں دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں