ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نیب لاہور کے سامنے پیش

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نیب آفس میں پیش ہوگئے۔نیب لاہور نے ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل میں دونوں بھائیوں کو طلب کیا تھا اور آج دونوں نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے۔نیب ذرائع کے مطابق 2 رکنی ٹیم خواجہ برادران سے ہاؤسنگ اسکینڈل سے متعلق تحقیقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق خواجہ برادران پر پیراگون سٹی میں حصہ دار ہونے کا الزام ہے جب کہ ان پر پیراگون سٹی کے ذریعے آشیانہ اقبال سے فوائد لینے کا بھی الزام ہے۔خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق اس سے قبل بھی 3 مرتبہ نیب کو اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں اور ان کی جانب سے نیب سوالنامے کا جواب بھی جمع کرایا جا چکا ہے۔یاد رہے کہ نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔اس سے قبل نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا اور انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں دفتر سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں