قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم

ریاض: سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور دوست ملکوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔’مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات’ کے عنوان سے آج سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں 90 ممالک سے 3 ہزار 800 مندوب شریک ہیں۔کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ‘ہمیں فوری طور پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے قرض کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کیا’۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں اقتدار میں آئے 60 دن ہوئے ہیں، ہمیں اپنی برآمدات بڑھانی ہیں تاکہ زرمبادلہ بڑھا یاجاسکے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آنے والے 3 سے 6 ماہ پاکستان کے لیے سخت ہیں، بدعنوان لوگوں کے بڑی پوزیشن پر ہونے کے باعث ادارے تباہ ہوئے، لیکن ہم برآمدکنندگان کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم جو بھی اصلاحات کریں گے، اس کا اثر آنے والے دنوں پر پڑے گا’۔وزیراعظم نے کہا کہ ‘ہماری جماعت اور حکومت کا مرکزی ایجنڈا کرپشن پر قابو پانا ہے، جو ملکی اداروں کو تباہ کرتی ہے اور زیادہ تر اشرافیہ بدعنوانی میں ملوث ہوتی ہے’۔وزیراعظم عمران خان نے مزید بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں