بھارت کشمیر پر اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے: صدر، وزیراعظم

پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، عمران خان
سلامتی کونسل اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق استصواب رائے کا فیصلہ دے چکی ہے،صدرِ مملکت

اسلام آباد  مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 71برس مکمل ہونے کے موقع پر یوم سیاہ پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کشمیر پر اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے۔مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جارحیت کے 71برس مکمل ہونے پر کشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں،پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اس حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 27اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ میں تاریک دن ہے، بھارت نے بین الاقوامی قانون کو روندتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط جمائے ہوئے ہے، اپنے قبضے کو جائز قرار دینے کیلئے مظالم کررہا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ بھارت کی غاصبانہ پالیسیوں کا اعتراف ہے، یو این کمیشن آف انکوائری کے قیام کی سفارشات پر فوری عمل ضروری ہے، کشمیر میں ہلاکتوں میں اضافہ فوری کارروائی کا متقاضی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیرکے شجاع، دلیر اور حوصلہ مندعوام دنیا بھر کی حمایت وتحسین کے مستحق ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔دوسری جانب صدر مملکت کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق استصواب رائے کا فیصلہ دے چکی ہے، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر میں اپنی فوجیں بھیجیں، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کشمیریوں کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں