آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی چاروں صوبوں میں عوام کے لئے ڈسپلے کی جائے گی
ورلڈ کپ جیت کریہ ٹرافی واپس پاکستان ہی آئے گی، قومی کپتان سرفراز احمد
اسلام آباد:آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ورلڈ کپ ٹرافی امارات ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لیکر پہنچے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی چاروں صوبوں میں عوام کے لئے ڈسپلے کی جائے گی۔ ورلڈ کپ ٹرافی کی گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے بعد جناح ایونیو پر واقع اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال میں رونمائی ہوئی۔ٹرافی 13 اپریل کو لاہور کے شاپنگ مال جبکہ 14اپریل کوکلفٹن کراچی میں واقع شاپنگ مال میں رکھی جائے گی۔عام پاکستانی ٹرافی کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں لے سکیں گے۔چودہ اپریل کو کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں محفل موسیقی بھی شامل ہوگی۔ اس موقع پر فوڈ فیسٹیول اور فائر ورکس کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ائرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان آئی ہے،ٹرافی پاکستان کے چاروں صوبوں میں جائے گی۔انشا اللہ یہ ورلڈ کپ جیت کریہ ٹرافی واپس پاکستان ہی آئے گی۔انہوں نے کہا کرکٹ پاکستان کے لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے ، 10سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سب کو مبارکباد پیش کرتاہوںکرکٹ کی بحالی میں پاک فوج کا نمایاں کردار ہے۔میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 31مئی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جب کہ تین جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے، سات جون کو سری لنکا سے اور 12جون کو آسٹریلیا سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا۔شاہین 23جون کو جنوبی افریقا، 26جون کو نیوزی لینڈ، 29جون کو افغانستان اور 5جولائی کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔کرکٹ ورلڈ کپ 2019کے فائنل مقابلے کا میدان 14جولائی کو لارڈز میں سجے گا۔30مئی سے 14جولائی 2019تک ہونیوالا ٹورنامنٹ 1992ورلڈ کپ کی طرح رانڈ رابن اور ناک آئوٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔