مقبوضہ کشمیر : شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

سرینگر09 اپریل مقبوضہ کشمیر کے قصبے سوپور میں شہید نوجوان سجاد نواز ڈار کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نوجوان کا جسد خاکی بھارتی فوجیوں کی طرف سے قصبے کے علاقے آرمپورہ محلہ میں بدھ کے روز تباہ کیے جانے والے ایک رہائشی مکان کے ملنے سے برآمد کیا گیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ کی طرف سے عائد پابندیوں اور کورانا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے باوجود ہزاروں لوگ جن میںزیادہ خواتین اور نوجوان تھے شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے شہید کے آبائی علاقے سعدپورہ سوپور میں جمع ہوئے۔ شہید کا جسد خاکی آرم پورہ سے ایک بڑے جلوس کی صورت میں سعد پورہ پہنچایا گیا ۔ لوگوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگا ف نعرے لگائے۔جلوس میں شامل نوجوانوں نے بھار ت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود شہداء کے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دریںاثنا جموںوکشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہید نوجوان سجاد نواز ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوںکو روز شہید کر رہے ہیں جسکا عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ ادھر بھارتی فوجیوںکی کپواڑہ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد، پلوامہ ، کولگام اور راجوری اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ بھارتی پولیس نے کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے نام پر عائد کی جانے والی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت سرینگر اور ہنداڑہ کے علاقوں میں تیس سے زائد افراد گرفتار کر لیے اور چھ گاڑیاں ضبط کر لیں۔ بھارتی فوجیوںنے ضلع بارہمولہ کے علاقے گھانٹہ مولہ سے بشیر احمد بیگ نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں