سردار عبدالقیوم نیازی سے وزیرِ اعظم عمران خان کی ملاقات

وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان سے وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے رواں سال کے وسط میں انعقاد پر گفتگو ہوئی جبکہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر، شمالی علاقہ جات اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کی بے پناہ استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

ایکو ٹورازم کے ذریعے مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور ان علاقوں کے قدرتی حسن کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی و گزشتہ عام انتخابات کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان اور آزاد کشمیر کے 33 حلقوں سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی/ سابق امیدواران اسمبلی شریک تھے۔

اجلاس میں آزادکشمیر میں ہونے والے آمدہ بلدیاتی انتخابات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وزاراء کرام،ممبران اسمبلی اور سابق امیدواران نے اپنی اپنی آراء دیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہر صورت ہوں گے کارکن الیکشن کی تیاریاں کریں۔

عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن عوام کی حمایت سے بھرپور قوت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کیلیے نظریاتی اور محنتی کارکنوں کو ٹکٹ دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اعلانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ ماضی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صرف ہوائی اعلانات ہوتے رہے لیکن انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں