کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے زراعت کو تباہ کر کے معاشی دہشتگردی کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں، اس وقت ملک میں یوریا بحران بھی سنگین صورت حال اختیار کر چکا ہے اور مارکیٹ میں یوریا کی بوری 3 ہزار 500 روپے بلیک میں فروخت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں پاکستان پوری دنیا میں یوریا فروخت کرتا تھا اور آج ملک میں یوریا ڈھونڈنا پڑ رہا ہے۔ برسات سے قبل کاشتکاروں کو یوریا میسر آجاتا تو فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف 21 جنوری سے ریلیاں نکالے گی اور پیپلز پارٹی کے کسان یکجہتی احتجاج میں ملک بھر کے کسان نکلیں گے اور ہم حکومت سے اپنے مطالبات منوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی زراعت کو تباہ کر کے معاشی دہشتگردی کی ہے۔ گندم کی بوائی کے سیزن سے ڈی اے پی کھاد 10 ہزار روپے بوری فروخت ہو رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں ڈی اے پی کھاد کی فی بوری 3500 روپے تک تھی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کو نہری پانی نہیں مل رہا اور ٹیوب ویل چلا کر سرکاری قیمت پر گندم کی فروخت ممکن نہیں ہو گی اور اسی لیے سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 2200 روپے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل، بجلی اور کیڑے مار ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے گندم کی فی ایکڑ لاگت بڑھ گئی ہے اور پنجاب میں بھی گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا جائے۔