عوام

آج بیک وقت عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج بیک وقت عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہو گا اور عالمی مالیاتی ادارے (‎آئی ایم ایف) کی غلامی میں آج پارلیمان اور عوام کا قتل کرنے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎پارلیمانی عمل بلڈوز کر کے 25 بل منظور کرانے پر یہ دن یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور عمران خان آج اپنی لوٹ مار، مافیاز اور اے ٹی ایمز کو این آر او دیں گے۔ عمران خان ججوں کی تقرری کا اختیار اپنے پاس لے کر آئین کی تضحیک کر رہے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان آج طاقتور چوروں کو عوام سے لوٹ مار کرنے کا لائسنس دیں گے اور عمران خان آج جمہوریت، آئین اور قانون کے قتل کی تاریخ رقم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ‎فسطائیت کا بلڈزور چلا کر عمران خان قوم پر منی بجٹ مسلط کریں گے۔ ساڑھے 3 سال میں ایک قانون سازی بھی اتفاق رائے سے نہ کرا سکے اور آج پاکستان کا برانڈ بھیک، آئی ایم ایف کی غلامی، مہنگائی اور معاشی تباہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎پارلیمان کے جنگلے گرانے والے پارلیمان کے جمہوری عمل کو روند رہے ہیں اور آج پاکستان میں تاریخ کا مہنگا ترین بجٹ مسلط کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج قوم کو رلانے کا بندوبست کر رہے ہیں اور ‎آج کے بعد عوام اب صرف ایک خودکشی کی منتظر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں