کینبرا: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے دورہ پاکستان سے قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جسٹن لینگر کا استعفیٰ آج موصول ہوا جسے قبول کر لیا گیا ہے۔ انہیں مختصر وقت کے لیے معاہدے میں توسیع کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جسٹس لینگر کے استعفیٰ کے بعد ان کی جگہ اینڈریو مک ڈانلڈ کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دورہ پاکستان کی منظوری دی گئی تھی اور اسی اجلاس میں جسٹن لینگر کے معاہدے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی تھی۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔