ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے 16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا اسکواڈ میں تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ بالرزکو شامل کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں کپتان بابراعظم ، نائب کپتان شاداب خان ،محمد رضوان ،عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رف، حسن علی، افتخار احمد اور امام الحق بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ خوشدل شاہ، محمد حارث ، محمد نواز،محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں یہ میچز 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے
سیریز کے تربیتی کیمپ کے لیے قومی اسکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا۔
انگلش کائونٹی کرکٹ میں مصروف وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رف بھی مقررہ وقت پر وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، لہذا بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منتخب کردہ اسکواڈ میں زیادہ تر کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ وہ اس طرز کی کرکٹ میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیریز مینیجڈ انوائیرنمنٹ میں نہیں کھیلی جارہی، لہذا ضرورت پڑنے پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔
محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔