پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھومتی ہے ،تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور مستقبل کے کسی بھی طرح کے فیصلے اس کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ،
حقیقی آزادی مارچ میں تحریک انصاف کے رہنمائوں،کارکنوں اور سپورٹروں نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ان شااللہ آئندہ بھی عمران خان کی کال پر لبیک کہنے کیلئے پر عزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے حقیقی آزاد مارچ میں پولیس کے تشدد کا نشانہ بننے اورگرفتار ی کے بعد رہا ہونے والے حلقہ این اے131کے رہنمائوں اورکارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اگر حکمران یہ سوچ رکھتے ہیں کہ تحریک انصاف ان کے منفی ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہو کر خاموش ہوگئی ہے تو یہ ان کی بھول ہے ، آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے اور ان شا اللہ آگے بڑھیں گے۔
تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوںکو مشکل وقت میں تنہا چھوڑاہے نہ آئندہ چھوڑے گی ۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم پولیس تشدد کا شکار اور گرفتار ہونے والوں سے مسلسل رابطے میں رہی او ران کی رہائی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہ چھاپے ،گرفتاریاں اور تشدد ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں اورنہ ہی تحریک انصاف کے کارکنان جدوجہد سے پیچھے ہٹیں گے ،
جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس کے نتیجے میں ملک میں حقیقی معنوںمیں آزاد اورخود مختار حکومت وجود میں آئے گی