پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ وہ فیلڈ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر غصہ کرتے ہیں اور انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرتے رہتے ہیں۔
لیکن ٹیم کے ایک کھلاڑی عماد وسیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنے کپتان کے غصے کا ُبرا نہیں مناتے۔
عماد وسیم کا کہنا ہے.’سرفراز احمد سب سے زیادہ غصہ مجھ پر کرتے ہیں لیکن میں نے کبھی بھی اس کا برا نہیں منایا کیونکہ میں سرفراز کو بارہ تیرہ سال سے جانتا ہوں۔ ظاہر سی بات ہے کہ آپ پاکستان کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں اور غلطی کریں گے تو ڈانٹ بھی پڑے گی۔‘
عماد وسیم کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد کے اس غصے کے پیچھے ایک مقصد ہوتا ہے۔
’سرفراز جب بھی میدان میں جاتےہیں انہیں اپنی ذات کی بجائے پاکستانی ٹیم کی فکر ہوتی ہے یہاں تک کہ جب وہ فرنچائز ٹیم کی کپتانی بھی کر رہے ہوتے ہیں تو اس وقت بھی وہ اتنے ہی سنجیدہ ہوتے ہیں۔‘
’ہمیں چونکہ سرفراز کے مزاج کا پتہ ہے اس لیے ہمارے لیے یہ کوئی نئی چیز نہیں البتہ ان لوگوں کے لیے جو سرفراز کو نہیں جانتے یہ غصہ نئی بات ہو سکتی ہے۔ سرفراز میدان میں اور میدان سے باہر ہمارے ساتھ بھائیوں کی طرح رہتے ہیں۔‘
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ میں کپتان کا جذباتی ہونا یا غصہ کرنا فطری امر ہے بہتر یہی ہوتا ہے کہ کپتان اپنی فرسٹریشن پر قابو پا لے تاہم یہ تمام باتیں وقت کے ساتھ ساتھ تجربے سے آتی ہیں اور اس وقت کپتان یہ سیکھ لیتا ہے کہ کس وقت اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہیے اور کس وقت خاموش رہنا مناسب ہے۔
Load/Hide Comments