ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مہمان انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لئے 170 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 114 رنز بنا لئے۔
برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیل کے چوتھے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 195 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد آسٹریلیا کو ٹیسٹ جیتنے کے لئے 170 رنز کا ہدف ملا۔
میزبان آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے اوپننگ بلے باز کیمرون بنکروفٹ اور ڈیوڈ وارنر نے دوسری اننگز کا شاندار آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے وکٹ گنوائے بغیر چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 114 رنز کی شراکت قائم کی۔
آسٹریلیا کو گابا ٹیسٹ جیتنے کے لئے مزید 56 رنز درکار ہیں اور اس کے پاس 10 وکٹیں موجود ہیں، بینکروفٹ 51 اور ڈیوڈ وارنر 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں انگلش ٹیم کے کپتان جوئے روٹ 51، جونی برسٹو 42 اور معین علی 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، جوش ہیزلی وڈ اور نیتھن لیون نے 3،3 جب کہ پیٹ کمنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 302 اور دوسری میں 195 رنز بنائے جب کہ میزبان آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے تھے۔
Load/Hide Comments