دھونی کے مقبوضہ کشمیر گراؤنڈ پہنچنے پر بوم بوم آفریدی کے نعرے لگ گئے

بھارت فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نمائشی میچ کے لئے سابق انڈین ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو مہمان خصوصی کے طور پر بلایا گیا جہاں ان کے پہنچنے پر تماشائیوں نے بوم بوم آفریدی کے نعرے لگانا شروع کردیے۔
بھارتی فوج نے بارہ مولا کے علاقے کنزر میں ایک نمائشی میچ کا انعقاد کیا جس میں سابق کپتان ایم ایس دھونی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا، دھونی لیفٹیننٹ کرنل کی وردی میں جب گراؤنڈ پہنچے تو تماشائیوں نے نعرے لگانا شروع کردیے۔
کشمیری نوجوانوں کی جانب سے لگائے جانے والے نعرے ایم ایس دھونی کے حق میں نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے تھے۔تماشائیوں نے بوم بوم آفریدی کے نعرے لگانا شروع کیے تو پاکستانی اسٹارز سے والہانہ محبت دیکھ کر بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور دھونی بھی بے بس رہے۔
اس ساری صورت حال میں ایم ایس دھونی نے تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن بوم بوم آفریدی کے حق میں نعروں کے بعد وہ بھی کہنے پر مجبور ہوگئے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ہونی چاہیے۔
دھونی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کا فیصلہ حکومت پر چھوڑ دینا چاہیے اور جب حکومت اجازت دے تو کھیلنا چاہیے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کی بحالی اب سیاسی اور سفارتی فیصلہ بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں