سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی ختم کردی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد ان کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہوگئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی خصوصی بینچ نے خواجہ آصف کی نظرثانی اپیل پر سماعت کی۔ جسٹس عمر بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے 26 اپریل کو سنائے جانے والے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔فاضل جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے سے متعلق وجوہات بعد میں بتائی جائیں گی۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہوگئی اور اب وہ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل ہوں گے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اپریل کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اس وقت کے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں