چیف جسٹس کے حکم پر حمزہ شہباز سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کےحکم پر لاہور پولیس نے 7 سال بعد عائشہ احد کی درخواست پر حمزہ شہباز سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ زیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف درج مقدمے میں تشدد، چوری، چھینا جھپٹی، توڑ پھوڑ ، جان سے مارنے کی دھمکیاں اور زیادتی کی کوشش کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی پنجاب کو ہفتے کی رات 12 بجے تک مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرسکتے تو چھٹی پر چلے جائیں۔
یاد رہے کہ عائشہ احد نامی خاتون نے حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کر رکھا ہے اور انہوں نے درخواست میں حمزہ شہباز اور دیگر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیے جانے کا بھی الزام لگایا ہے۔ عائشہ احد نے دعویٰ کیا تھا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ ان کی 2010 میں شادی ہوئی جس کے نواز شریف اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز بھی گواہ ہیں جبکہ اُن کے پاس شریف فیملی کے تمام پیغامات بھی موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں