دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب قرار، 5 سال تک انتخابات لڑنے کیلئے نااہل ہوگئے

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے دیا، جس کے بعد وہ 5 سال کے لیے الیکشن لڑنے کے اہل نہیں رہے۔جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے گزشتہ ماہ 3 مئی کو دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔آج سماعت کے دوران دانیال عزیز کے خلاف کیس کا فیصلہ جسٹس مشیر عالم نے پڑھ کر سنایا۔
سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کو آئین کے آرٹیکل 204کے تحت عدالت برخاست ہونے تک توہین عدالت کی سزا سنائی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی توہین عدالت کیس میں یہی سزا سنائی تھی۔عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دانیال عزیز نے عدلیہ کو متنازعہ بنایا اور ججز کے خلاف تضحیک آمیز ریمارکس دیئے۔عدالت کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی دانیال عزیز کی سزا بھی ختم ہوگئی، تاہم سزا ہوجانے کے باعث وہ 5 سال تک انتخابات لڑنے کے لیے اہل نہیں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں