ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بیلجیئم سے شکست، پاکستان میڈل کی دوڑ سے باہر

بریڈا: چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں راؤنڈ لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
بریڈا میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے بیلجیئم کے خلاف اچھا آغاز کیا، گیارہویں منٹ میں ہی علیم بلال کے پنالٹی کارنر پر کیے گئے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔
دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، تیسرے کوارٹر میں بیلجیئم کی جانب سے تھوماس نے گول برابر کیا۔
دو منٹ بعد پاکستان نے پھر پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری حاصل کرلی، یہ گول بھی علیم بلال نے اسکور کیا۔
اگلے منٹ میں بیلجیئم کے کیوسٹرس نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، چوتھے کوارٹر میں بیلجیئم نے مزید دو گول کرکے اسکور چار دو کردیا اور اسی پر میچ ختم ہوا۔
اس شکست کےبعد پاکستانی ٹیم چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر رہی، اب وہ پانچویں پوزیشن کیلئے میچ کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں