سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ نواز شریف کو ان کے کس بیان پر دکھ ہوا ہے؟
یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی باتوں سے انہیں دکھ اور تکلیف ہوتی ہے، لیکن انہوں نے آج تک ان کی کسی بات کا جواب نہیں دیا۔
سابق وزیراعظم کے اس بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری نثار نے سوال کیا، ‘نواز شریف قوم کو یہ تو بتائیں کہ ان کو میرےکس بیان پر دکھ ہوا’۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے دکھ کا تو فوری احساس ہو جاتا ہے، لیکن جو دکھ وہ اوروں کو پہنچاتے ہیں، اس کا انہیں احساس نہیں ہوتا۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کو عدلیہ اور فوج سے محاذآرائی نہ کرنے کے میرے بیان سے دکھ ہوا تو یہ تو شہباز شریف بھی کہتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی چوہدری نثار علی خان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ دشمنی انہوں نے نہیں بلکہ نواز شریف نے ان کے ساتھ کی ہے۔
Load/Hide Comments