کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کچھ دن کے لیے موخر کرنے کی استدعا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ساری قوم اس کی منتظر ہے۔2 روزہ دورے کے بعد اسلام آباد روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف آسمان سے نہیں اترے کہ ان کے لیے الگ قانون ہو۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جھوٹ بولا گیا اور پھر وقت کا ضیاع کیا گیا، لہذا فیصلے میں تاخیر کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ساری قوم فیصلے کی منتظرہے۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے، جو جمعہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ کینسر کے مرض میں مبتلا اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے اِن دنوں لندن میں موجود ہیں، جو وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے سے قبل پاکستان نہ جانے کا عندیہ دیتے ہوئے استدعا کی تھی کہ احتساب عدالت کچھ دن کے لیے فیصلہ موخر کردے۔
Load/Hide Comments