پاک بھارت ٹاکرے پر سابق کھلاڑیوں کا ٹیم کو مشورہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے پاک بھارت ٹاکرے سے قبل سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیم کو مشورے دیے جارہے ہیں۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف کہیں بھی مقابلہ ہو وہ زبردست ہوتا ہے، دبئی میں ایک دوسرے کو کھیلتا ہوا دیکھ کر مزہ آئے گا۔انضمام الحق نے کہا کہ ویرات کوہلی کے نہ ہونے سے پاکستان کو نہیں بھارت کو فرق پڑے گا اس لیے ویرات کوہلی بھارت کا معاملہ ہے اور پاکستان کو اپنی حکمت عملی کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق کہنا ہے کہ پاکستان کو کنڈیشنز کی وجہ سے فائدہ ہوگا، متحدہ عرب امارات اب پاکستان کا ہوم گراؤنڈ بن چکا ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کی شکست کا بھارت پر خوف ہوگا اور گرین شرٹس کو بھارتی سورماؤں پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی بیٹنگ لائن اپ اچھی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان تگڑا مقابلہ ہوگا تاہم ویرات کوہلی کا آرام کرنا سمجھ سے باہر ہے۔یاد رہے کہ گروپ اے میں شامل پاکستان اور بھارت کے درمیان کل دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹاکرا ہوگا جس کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں۔گروپ بی میں شامل سری لنکن ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی جب کہ بنگلادیش اور افغانستان کی ٹیمیں سپر فور تک پہنچ گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں