شائقین کو بے صبری سے انتظار: پاکستان اور بنگلادیش کا مقابلہ کچھ دیر بعد

ابوظہبی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کا چھٹا اور آخری میچ اب سے کچھ دیر بعد کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا اور میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں شام ساڑھے 4 بجے مدمقابل ہوں گی، ایونٹ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔آج کے میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دیے جانے کا امکان ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی جگہ جنید خان کو 11 رکنی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ الگ الگ سیشن میں بات چیت کی۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل دو بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں میچز میں بھارت فاتح رہا، اس بات کا امکان ہے کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک بار پھر مدمقابل ہوں گی تاہم اس کے لیے گرین شرٹس کو آخری میچ میں بنگال ٹائیگرز کی رکاوٹ عبور کرنا ہو گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 35 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوئے جن میں پاکستان نے 31 اور بنگلہ دیش نے 4 میچز جیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں