پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کی برطانیہ کا تاریخی اسٹیڈیم خریدنے سے معذرت

لندن: پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی تاجر شاہد خان نے انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کے اندرونی اختلافات کے بعد تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت کرلی۔لندن کے تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری کے لیے شاہد خان نے 600 ملین پاؤنڈ کی آفر کی تھی جب کہ فٹبال ایسوسی ایشن اور شاہد خان کے درمیان 900 ملین پاؤنڈ پر معاملات طے پاگئے تھے۔بعض حلقوں نے اسٹیڈیم کی فروخت پر فٹبال ایسوسی ایشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ ایسوسی ایشن کے بعض افراد بھی اسٹیڈیم کی فروخت پر تقسیم کا شکار تھے۔فٹبال ایسوسی ایشن کی گورننگ کونسل کی گزشتہ ہفتے ہونے والی میٹنگ کے بعد شاہد خان نے اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت کی، میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسٹیڈیم کی فروخت کا کلی اختیار فٹبال ایسوسی ایشن کے پاس نہیں اور اسٹیڈیم کی جو قیمت لگائی گئی اس پر اسے فروخت نہیں کیا جاسکتا۔انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی گورننگ باڈی نے ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری کے معاملے میں ‘منظم کرپشن’ کی تحقیقات بھی شروع کر رکھی ہے۔فٹبال ایسوسی ایشن کے سینئر حکام اسٹیڈیم کی خریداری کے بعد حاصل ہونے والی رقم کو نچلی سطح پر فٹبال پر لگانا چاہتے تھے۔دوسری جانب شاہد خان کا کہنا ہے کہ وہ انگلش فٹبال کے ذریعے لوگوں کو قریب لانا چاہتے ہیں نہ کہ ان میں دوریاں پیدا کریں اور فی الحال اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت چاہتا ہوں۔شاہد خان نے عزم کا اظہار کیا کہ فٹبال ایسوسی ایشن جب اسٹیڈیم کی فروخت پر متفق ہوجائے گی تو اس کی نئی قیمت لگائی جائے گی، ویمبلے اسٹیڈیم قومی خزانہ ہے اور اس کا احترام کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم کو برطانیہ میں تاریخی حیثیت حاصل ہے جہاں 1920 سے میچز کھیلے جارہے ہیں اور اس کی فروخت کی خبریں آنے کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں