کراچی کے ویلڈر کے نام دبئی میں جائیداد نکل آئی، ایف آئی اے نوٹس پر حیران پریشان

کراچی: رکشے، ٹھیلے اور فالودے والے کے اکاؤنٹس میں کروڑوں، اربوں روپے کی موجودگی کے انکشاف کے بعد کراچی کے ویلڈر کے نام دبئی میں جائیداد نکل آئی، جو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے نوٹس بھیجے جانے پر اس بات پر حیران ہے کہ اس کا کراچی میں ڈھنگ کا گھر نہیں ہے، وہ دبئی میں جائیداد کیسے بنائے گا؟نشتر روڈ کا رہائشی عمران ویلڈنگ کا کام کرتا ہے، حال ہی میں ایف آئی اے والے نوٹس لے کر اس کے پاس پہنچے تو وہ اس بات پر حیران رہ گیا۔چھوٹے سے کچے پکے گھر میں رہنے والے عمران کا کہنا ہے کہ دبئی جانا تو دُور، اُس نے پورا کراچی بھی نہیں دیکھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کراچی میں ڈھنگ کا گھر نہیں بنا سکا، دبئی میں جائیداد کیسے بناؤں گا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر دبئی میں اُن کے نام جائیداد نکل آئی تو وہ ڈیم فنڈ میں دے دیں گے۔عمران نے چیف جسٹس سے بھی اپیل کی ہے کہ نوٹس دینے پر ایف آئی اے کے خلاف نوٹس لیں اور اسے انصاف دلائیں۔یاد ہے کہ سپریم کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس زیر سماعت ہے اور اب تک ایسے کئی افراد کے اکاؤنٹس میں اربوں یا کروڑوں روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوچکا ہے، جنہیں پیسوں کی آمد کا پتہ ہی نہیں۔ان میں کراچی کے فالودے اور رکشے والے سمیت جھنگ کا بیروزگار نوجوان بھی شامل ہے۔گذشتہ دنوں سرگودھا کے رہائشی 60 سالہ محنت کش اللہ دتہ کے نام پر چار لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی انکشاف ہوا تھا، جو اس بات پر حیران تھے کہ انہوں نے زندگی میں سائیکل تک نہیں خریدی، وہ اچانک 4 گاڑیوں کے مالک کیسے بن گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں