سندھ میگا اسکینڈل:آصف زرداری، بلاول اورفریال تالپورطلب

تینوں رہنماؤں سے زرداری گروپ کے اکاؤنٹس میں رقم منتقلی سے متعلق سوالات کیے جائیں گے
کراچی(کشمیر لنک نیوز)سندھ میگا منی اسکینڈل میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کو 28 نومبر کو طلب کرلیا گیا۔سندھ میگامنی لانڈرنگ اسکینڈل کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے عدالتی حکم پر زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹوبلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور کمپنی کی ڈائریکٹرفریال تالپورکو28نومبرکی صبح گیارہ بجے طلب کیا ہے۔تینوں پی پی رہنماؤں سے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے زرداری گروپ کے اکاؤنٹس میں رقم منتقلی سے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔آصف زرداری سے ان کی املاک ، اومنی گروپ سے روابط اور دستاویزات پر ان کے ہاتھ سے لکھی گئی تحریروں کے بارے میں سوالات کیے جاسکتے ہیں۔دوسری جانب تفتیشی ٹیم نے اومنی گروپ کو بیمار صنعتوں کی بحالی کے لیے سندھ حکومت کے افسران کی جانب سے 4ارب روپے دینے معاملے پر پوچھا کہ کس فورم کے تحت اومنی گروپ کی صنعتوں کو بیمار صنعت قراردیاگیا؟ سندھ کی دیگر بیمار صنعتوں کو چھوڑ کر صرف اومنی گروپ کی صنعتوں کو ہی کیوں نوازاگیا؟ ٹھٹھہ شوگر ملز کیلیے ایک ارب روپے لینے کے باوجود ملز شروع کیوں نہیں کی گئی؟۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سندھ میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل کے تحت جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے احسان صادق ہیں، ٹیم میں نیب، آئی ایس آئی، ایس ای سی پی،ایف بی آراور اسٹیٹ بینک کے نمائندے بھی شامل ہیں۔#/s#

اپنا تبصرہ بھیجیں