نواز شریف اور زرداری کو اب گھر یا جیل میں رہنا ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو اب کوئی الیکشن نہیں لڑنا بلکہ انہیں گھر بیٹھنا ہے، یا پھر جیل میں رہنا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں کسی سیاسی چیلنج کا سامنا نہیں ہے، عمران خان کی سیاست کا محور احتساب ہے، کل کابینہ کی اتنی طویل میٹنگ ہوئی اور یہ نئی روایت ہے، وزیراعظم اور کابینہ میں خوف خدا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری کسی محنت کے بغیر اقتدار میں پہنچے اور انہوں نے اس کی قدر نہیں کی، جب کہ عمران خان کی 22 سال کی جدوجہد ہے اور بائیس سال کی محنت کے بعد انسان جس مقام پر پہنچتا ہے تو پھر اس کو احساس ہوتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، مقدمات اور قانون سے کیسے بچنا ہے، ان کی سیات میں یہی کچھ رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لندن میں علاج پر تقریباً 4 کروڑ روپے خرچ ہوئے اور 4 کروڑ پی آئی اے کے اس جہاز پر لگا جو ان کو لے کر گیا اور خالی واپس آیا، یہ پیسہ پاکستان کے خزانے سے گیا، ایک اینٹ جاتی امرا پر اپنے پیسوں سے نہیں لگوائی، خزانے کے پیسے سے لگے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی حکومت ہے جو وزراء سے حساب کتاب مانگ رہی ہے، اس سے پہلے تو وزراء خود کو جوابدہ نہیں سمجھتے تھے جب کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ چاہے وزیر ہو یا کوئی اور سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں