پیراگون کیس: درخواست ضمانت کی منسوخی پر نیب نے خواجہ برادران کو گرفتار کرلیا

لاہور ہائیکورٹ نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔نیب نے دونوں بھائیوں کو پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے کئی بار طلب بھی کیا ہے۔دونوں بھائیوں نے نیب کی جانب سے ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی تھی۔قبل از گرفتاری درخواست ضمانت میں توسیع کے لیے خواجہ برادران آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر خواجہ برادران کے وکیل اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ امجد پرویز نے دلائل دیئے اور کہا کہ نیب کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے، جس پر عدالت عالیہ نے دونوں بھائیوں کی درخواست ضمانت میں 13 دسمبر تک کی توسیع کردی۔اس موقع پر خواجہ برادران کے وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی جائے، تاہم عدالت نے توسیع کی درخواست مسترد کرکے بحث آج ہی مکمل کرنے کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں