منی لانڈرنگ کیس: انور مجید، عبدالغنی مجید کی جےآئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا

اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس/ منی لانڈرنگ کیس میں نامزد اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا کردی۔اپنے جواب میں ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں لگائے گئے ہر الزام میں وہ بے قصور ہیں، جے آئی ٹی کے پاس کوئی بنیاد نہیں کہ وہ یہ معاملہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیجنے کی سفارش کرتی۔مزید کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی کسی بھی سفارش کی منظوری دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی ایگزیکٹو سمری اور حتمی رپورٹ کے چار والیم فراہم کیے گئے لیکن جن 924 لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے گئے، ان کے نام فراہم نہیں کیے گئے جبکہ جس ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا وہ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے ساتھ کوئی مواد یا دستاویزات نہیں جو الزامات کی تائید کرے، لہذا ان حالات میں جے آئی ٹی رپورٹ پر مفصل جواب دینے سے قاصر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں