وزارت داخلہ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے وزارت داخلہ سے ایک بار بیرون ملک جانے کی درخواست کی تھی اور انہوں نے یہ درخواست لاہور کی ایک عدالت کو بھی دی تھی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ عدالت میں درخواست ڈالنے کے بعد وزارتِ داخلہ نے حمزہ شہباز کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت 10 دن تک ہوتی ہے جس کی مدت بڑھا کر 30 دن تک کی جاسکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔واضح رہےکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں