عالمی عدالت انصاف پیرسے کلبھوشن کیس کی سماعت کریگی

اسلام آباد   پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں گرفتارہونے والے ہندوستانی بحریہ کے آفیسرکلبھوشن یادو کے عالمی عدالت انصاف میں جاری کیس کی سماعت پیر سے ہالینڈ کے دارلحکومت دی ہیگ میں شروع ہوگی۔ یہ سماعت روزانہ کی بنیاد پر 21 فروری تک جاری رہے گی۔ یادوکو 3مارچ 2016 ءکو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اسکے خلاف فوجی عدالت میں جاسوسی کا مقدمہ چلا کراسے سزائے موت سنا دی گئی تھی۔ پاکستان نے یادوپر جاسوسی کے علاوہ دہشت گردی ، بلوچستان میں مداخلت ، تباہ کاریوں اورقتل کے الزامات لگا رکھے ہیں۔ ہند، جس کا موقف ہے کہ کلبھوشن یادوہندوستانی بحریہ سے سبکدوش ہو چکے ہیں اوروہ پاکستان میں جاسوسی پر مامور نہیں تھے، نے 8 مئی 2017 کو معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں زیربحث لاتے ہوئے ان کی بریت، رہائی اور ہند منتقلی کا مطالبہ کیا۔ پاکستان کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے اردو نیوز کو بتایاہے کہ پاکستان نے سماعت کے دوران ہند کے اعتراضات کے جوابات دینے کیلئے بھرپور تیاری کر لی ہے۔ سماعت کے پہلے دن ہند اپنی درخواست کے حق میں دلائل پیش کرے گا جس کے بعد 19 فروری کو پاکستان اپنا موقف پیش کرے گا۔ جس کا ہند کی طرف سے جواب 20 فروری کو دیا جائے گا۔ پاکستان 21 فروری کو حتمی دلائل دے گا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق ہندنے کلبھوشن یادو کی بے گناہی کے متعلق مانگی گئی دستاویزات پاکستان کو فراہم نہیں کیں۔ عدالت کی طرف سے مقدمے کا فیصلہ اس سال موسم گرما میں سنائے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں