بھارتی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہےکہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا جواب دیا اور بھارت کی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام تھا، دیکھتے ہیں اب بھارت ہمارے امن کے پیغام کا کیا جواب دیتا ہے، الزامات سے بہتر ہے کہ بھارت اپنی اصلاح کے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور جارحیت کی جس کا پاکستان نے جواب دیا، بھارت کی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے کے امن میں رکاوٹ ہے، اگر بھارتی مظالم جاری رہے تو کشمیریوں کا ردعمل لازمی ہے، اب بھارت پر منحصر ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کیا کرتا ہے کیونکہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقبوضہ کشمیر میں خواتین سے زیادتی اور لوگوں کو نابینا کرنے کیلئے پیلٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کی کمیشن کی رپورٹ بھی موجود ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مقامی افراد کا رد عمل فطری ہے، دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ کشمیری نوجوانوں کو کس چیز نے تشدد کی طرف دھکیلا ہے، بھارت الزام تراشی کررہا ہے ، بھارت کو دیکھنا چاہیے یہ واقعات کیوں ہورہے ہیں

بھارتی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے: ترجمان پاک فوج” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں